لندن (نیٹ نیوز) انگلینڈ کے ہسپتال میں کمسن بچے کے زمین پر علاج کی تصویر الیکشن مہم پر چھا گئی، ایک صحافی نے لیڈز جنرل ہ سپتال میں بستر نہ ہونے پر 4 سالہ بچے کے زمین پرعلاج کی تصویربرطانوی وزیراعظم بورس جانسن کودکھائی توانھوں نے موبائل فون لے کرجیب میں ڈال لیا، رپورٹرنے جب انہیں یاد دلایا تواس کاموبائل فون جیب سے نکال کربچے کی تصویر دیکھی اور اس کے والدین سے افسوس کااظہار کیا ، لیبرپارٹی نے نیشنل ہیلتھ سروس کی تباہی کاذمہ دار حکمراں ٹوریزکو قرار دے دیا اور اپنی الیکشن مہم کے دوران صحت میں سرمایہ کاری اور گرین فیوچر کے وعدے کیے ہیں، برطانیہ میں 12 دسمبر کو عام انتخابات ہورہے ہیں اور پورے ملک میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، برطانیہ میں ایک مارکیٹنگ ریسرچ اور سروے کمپنی کی جانب سے کیے گئے تازہ سروے کے مطابق رواں ہفتے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی کو لیبرپارٹی پر 14 پوائنٹ کی برتری حاصل رہی، واضح رہے کہ برطانیہ میں گذشتہ 5 سال کے دوران یہ تیسری مرتبہ انتخابات ہونے جا رہے ہیں، برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکل جانے کے حوالے سے 23 جون 2017 کو ریفرنڈم ہوا تھا جس میں بریگزٹ کے حق میں 52 جبکہ مخالفت میں 48 فیصد ووٹ پڑے ، وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو استعفیٰ دینا پڑا، وہ بریگزٹ کے مخالف تھے ، پھر وزیراعظم بننے والی ٹریزا مے نے جولائی میں بریگزٹ ڈیل کی ، پارلیمنٹ سے منظوری میں ناکامی کے بعد مستعفی ہوگئیں، ان کے بعد بورس جانسن نے عہدہ سنبھالا تھا۔