لاہور،کراچی،نیویارک (سٹاف رپورٹر،ایجنسیاں ) صدر پاکستان کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی اور گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور کی’’بر یسٹ کینسرآگا ہی مہم ‘‘کے حوالے سے تقر یب میں شر کت کی ۔ گور نر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی تقریب میں صوبائی وزیر آشفہ ریاض سمیت خواتین کثیر تعداد میں شریک ہوئیں اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ بریسٹ کینسر ایک خطرناک بیماری ضرور ہے لیکن چند حفاظتی اقدامات سے اس مرض کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص سے علاج ممکن،کوششوں کے مثبت نتائج نظر آنا شروع ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں ڈاکٹرز ، سول سوسائٹی اور این جی اوز سمیت دیگر اداروں نے بر یسٹ کینسر سے آگاہی کے بارے میں بہت زبر دست کام کیا ، اس آگاہی مہم میں میڈیا کا بھی بہت مثالی کردار رہا ہے ۔ بیگم پروین سرورنے کہا کہ کینسر کی ایک بڑی وجہ ذہنی دباؤاور ڈپریشن بھی ہے ۔علاوہ ازیں بیگم ثمینہ علوی نے سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جس سے اس مرض کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص ہونے سے چھاتی کے سرطان کا علاج ممکن ہے ہم نے جو کوششیں کی ہیں ان کے مثبت نتائج نظر آنا شروع ہو گئے ہیں ۔دریں اثنا طبی جریدے انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع تحقیق میں کہا گیا کہ پاکستانی خواتین میں کم عمری میں چھاتی کے سرطان کی زیادہ خطرناک اقسام کی تشخیص ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے ۔ماضی میں پاکستانی اور بھارتی خواتین میں بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کی شرح سفید فام خواتین سے کم تھیں۔