ملتان (سپیشل رپورٹر)صدر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی کا کہنا ہے کہ بریسٹ کینسر جان لیوا مرض ہے شروع میں ہی تشخیص سے سو فیصد اس مرض کا کامیاب علاج ممکن ہے پاکستان میں بائیس سال کی عمر کی لڑکیاں اس مرض میں مبتلا ہو رہی ہیں پورے ملک میں اس حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ تفصیل کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پاکستان بیت المال اور کینسر سوسائٹی آف پاکستان کی جانب سے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لئے سیمینار کا انعقاد نجی ہوٹل میں کیا گیا ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے ثمینہ علوی کا مزید کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر کی وجہ سے گھر تباہ ہو جاتے ہیں ،خواتین کو باقاعدگی سے اپنا چیک اپ کرانا چاہیئے ۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستاں میں ہر آٹھویں خاتون کو خطرہ ہے ۔ پاکستان بیت المال کے ایم ڈی عون عباس بپی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا اور کہا کہ عمران خان کا وژن غریبوں کی مدد کرنا اور غربت کو مٹانا ہے ۔پاکستان بیت المال اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے ۔