برسلز(این این آئی)یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی تاریخ میں توسیع تجویز کرنے جا رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا اصرار رہا ہے کہ ان کا ملک ہر صورت میں اکتیس اکتوبر کویورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا۔ لیکن گزشتہ روز برطانوی ار کان پارلیمان نے بریگزٹ پر قانون سازی سے متعلق حکومتی کوشش مسترد کردی تھی۔ اسی تناظر میں یورپی کونسل کے صدر نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ وہ 27 رکنی یورپی یونین سے درخواست کریں گے کہ وہ بریگزٹ کی طے شدہ تاریخ میں توسیع کر دے ۔ یہ متوقع توسیع آئندہ برس جنوری کے آخر تک ہو گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایسی صورت میں برطانوی حکومت ملک میں نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کر سکتی ہے ۔