لاہور(کامرس رپورٹر)بزنس مین پینل کے چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں انجم نثار، سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین ، سیکریٹری جنرل سینیٹر حاجی غلام علی، بی ایم پی سندھ کے چیئر مین زکریا عثمان،پنجاب چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم، بلوچستان چیئرمین نوید جان بلوچ،کے پی کے چیئرمین عدنان جلیل، سیکرٹری جنرل (فیڈرل ) احمد جواد،شوکت احمد اور ثاقب فیاض مگوں نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہاہے کہ بزنس مین پینل نے ہمیشہ ملک کی صنعت و تجارت کو درپیش مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔۔بزنس مین پینل کی قیا دت نے کہا کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی سے سندھ اور بلوچستان کے دو ہزار سے زائد صنعتیں اپنی پیداواری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی اور لاکھوں افراد بے روزگاری کی اذیت سے بچ سکیں گے ۔گیس کی فراہمی پر مامور اداروں کو اضافی گیس کی فراہمی سے یہ ادارے صنعتوں کو گیس کی فراہمی کی بہتر پوزیشن میں آگئے ہیں۔ بی ایم پی قیادت نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کے لئے مزیدفوری اقدامات اور ایکسپورٹ فرینڈلی پالیسیاں ناگزیر ہیں۔ اگر برآمدات بڑھانے کے لئے فوری فیصلے نہیں کئے گئے تو خطرہ ہے کہ تجارتی خسارہ کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائے گا ۔