لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کیا جائے ، زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے گراؤنڈ پر اقدامات نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہو کر ڈلیور کرنا ہوگا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو چیک کریں، عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیازکارراوئی کی جائے ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور موثر اقدامات اٹھائے جائیں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈ پٹی کمشنرزاپنے اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیارپر کڑی نظر رکھیں اور اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں، اتوار بازاروں میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو کسی بھی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس ضمن میں کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کر دی ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی رخسانہ نوید نے ملاقات کی جس میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات، شجرکاری مہم اور گرین اینڈ کلین پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے خضدار میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما نواب امان اﷲ خان کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب شفیع کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بعدازاں سینئر رہنما عبدالعلیم خان کی رہائشگاہ گئے اور انکے چچا کے انتقا ل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ آج باٹا فیکٹری ملتان روڈ مانگامنڈی کے قریب خودپور میں شجر کاری مہم شروع کرینگے ۔