کراچی ، اسلام آباد( سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،این این آئی) انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی زندگی وقف کر دینی والی ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بلقیس ایدھی کو آہوں اور سسکیوں کے دوران کراچی کے میوا شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، نمازجنازہ بعد نماز ظہر ایم اے جناح روڈ پر نیومیمن مسجد کے سامنے ادا کی گئی ۔نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورصوبائی وزرا ، آئی جی سندھ مشتاق مہر ، رینجرز کے اعلیٰ افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعدادنمازجنازہ میں شریک ہوئی۔نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد پولیس کے دستے نے بلقیس ایدھی کی میت کو سلامی دی،عسکری قیادت کی جانب سے مرحومہ کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ،خراج عقیدت پیش کیا گیا۔بعدازاں بلقیس ایدھی کو میوا شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔بلقیس ایدھی نے اپنے عظیم شوہر عبدالستار کے ساتھ لوگوں کی فلاح کیلئے اپنی زندگی وقف کر دی تھی، بلقیس ایدھی کو حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز جبکہ بھارتی لڑکی گیتا کی15برس دیکھ بھال کرنے پر بھارتی حکومت نے بلقیس ایدھی کو مدر ٹریسا ایوارڈ سے نوازا تھا۔دریں اثناسماجی رہنما بلقیس ایدھی کے انتقال پربھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ بلقیس ایدھی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، انسانی ہمدردی کیلئے ان کی خدمات نے دنیا بھر میں لوگوں کے دلوں کو چھوا، بھارت میں بھی لوگ بلقیس ایدھی کو محبت سے یاد کرتے ہیں، ان کی روح کو دائمی سکون نصیب ہو۔