پشاور(92نیوز)وفاقی وزیر مذہبی اْمور وبین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہاہے کہ ملک کو چند مفاد پرست سیاسی قوتیں عدم استحکام کا شکار کرنے پر تْلی ہوئی ہیں،پاکستان خطے میں تمام اقلیتوں کے تحفظ کیلئے مثالی ملک ہے ۔ پاکستان کو لوٹنے والے افراد، ادارے اور سیاسی جماعتیں کسی رعایت کی مستحق نہیں ، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ملک کو لوٹنے والی سیاسی جماعتوں کے پشت پر کھڑے ہوگئے ہیں اور انہیں تحفظ دینے کیلئے میدان عمل میں ہے جو کسی طور پر بھی اْنکی مذہبی پارٹی کا منشور ہے اور نہ قوم کی دئیے ہوئے مینڈیٹ کا تقاضا ہے بلکہ بحیثیت مذہبی جماعت کے رہنما کے وہ قوم کی مینڈیٹ اور اپنی جماعت کے منشور کا انحراف کررہے ہیں، وہ جامعہ اشرفیہ پشاور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت ممتاز عالم دین تاریخی مسجد مہابت خان کے خطیب علامہ مولانا محمد طیب قریشی نے کی۔ تقریب میں تمام مذاہب کے نمائندہ وفود نے شرکت کی۔ بشپ پشاور ہمفری سرفراز پیٹر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے مزید کہا کہ اسلام دین امن وسلامتی ہے ،دہشت گردی اور انتہا پسندی کا تصور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے ،اسلام نے تمام انسانوں کی احترام کا جذبہ سکھایا ہے ۔تقریب سے اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹر پروفیسر قبلہ آیاز، بشپ پشاور ہمفری سرفراز پیٹر، علامہ مولانا محمد طیب قریشی، علامہ عابد حسین شاکری، مقصود احمد سلفی، ڈاکٹر شمس الرحمان شمس، پروفیسر عبدالرحمان اور اشتیاق احمد نے بھی خطاب کیا۔