لاہور،اسلام آباد(وقائع نگار،سپیشل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف بھرپور طریقے سے جہاد کریں گے ، کرپشن کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے ۔وزیراعظم آفس اسلام آبادمیں پنجاب اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کی پنجاب کرپشن کمپلینٹ ایپ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔احتساب اورانصاف تحریک انصاف کابنیادی ایجنڈا ہے ۔علاوہ ازیں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ افسوس!آج انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے ۔ 128روز بعد بھی مظلوم کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف وزریاں رک نہیں سکیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کے ضمیرکو بیدارہونا ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا۔کابینہ اجلاس صبح 11 بجے وزیراعلیٰ آفس کے کمیٹی روم میں ہوگا۔ اجلاس میں 25 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سرگودھا کے قریب ٹرین اور ٹرک میں تصادم کی رپورٹ طلب کرلی اورحادثے میں اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔دوسری طرف و زیراعلیٰ آفس میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا۔جس میں صوبائی وزراء مراد راس،فیاض الحسن چوہان،چیف سیکرٹری پنجاب،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈبلیو ایچ او، بل گیٹس فاؤنڈیشن، یونیسف،روٹری انٹرنیشنل کے نمائندوں اوراعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈویڑنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرزاورچیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے کیے جانے والے اقدامات اورمستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں دسمبر سے اپریل تک پنجاب میں انسداد پولیو کی3 خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔