سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی بچھائی سرنگ سے دھماکہ میں کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیرمیں جمعہ کے روز ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نصب کئے گئے بارودی مواد کے دھماکے میں زخمی ہونے والا کشمیری نوجوان یاسین احمد گزشتہ روز سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیاجس سے گزشتہ 12گھنٹے کے دوران مقبوضہ علاقے میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے سرہامہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران تباہ کئے جانیوالے مکان کے ملبے میں بھارتی فوجیوں نے دھماکہ خیز مواد نصب کردیاتھا ۔ بھارتی فوجی ایک سازش کے تحت کیمیکلز سے مکانوں کو آگ لگا کر تباہ کرنے کے بعد مکان کے ملبے میں دھماکہ خیز مواد نصب کر دیتے ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں کرنے والے لوگوں کو شہید کیاجاسکے ۔ شہید ہونیوالا نوجوان یاسین احمد راتھر علاقے میں فوجیوں کی طرف سے مکان تباہ کئے جانے کے بعد امدادی کارروائیاں کرنے والے چار نوجوانوں میں شامل تھا جو اس دوران ہونے والے دھماکے میں شدید زخمی ہوگیاتھا۔