لاہور(کلچرل رپورٹر )نامور اداکار و ہدایتکار ارباز خان نے کہا ہے کہ پشتو فلم انڈسٹری کامیاب جارہی ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ پشتو فلموں کا بلا تعطل بننا ہے ،سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ پنجابی فلمیں بنانے کے لئے آگے آئیں ۔ ایک انٹرویو میں ارباز خان نے کہا کہ پشتو فلمیں انتہائی معیاری ہیں جنہیں اردو اورپنجابی زبان میں ملک کے مختلف حصوں میں پیش کیا جا سکتا ہے جس سے ہماری انڈسٹری کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اردو کے ساتھ پنجابی فلموں کے بننے کی تعداد بھی کم ہو گئی ہے جس سے فلم انڈسٹری شدیدبحرانی کیفیت سے دوچار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارو ں کو چاہیے کہ پنجابی فلمیں بنائیں اور اسے پنجاب بھر میں نمائش کرنے سے کامیابی کے زیادہ مواقع ہیں۔