کراچی (سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس کے اطراف بیچ سڑک کنکریٹ کی دیواریں گرانا انکے ایجنڈے میں شامل ہے ، پیپلز پارٹی سے حفاظتی دیواریں گرانے کی بات کرینگے ، دیواریں نہ گرائی گئیں تو قانونی کارروائی کرینگے ۔ سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کرپشن کسی صورت برداشت نہیں،عام آدمی کے مسائل حل کرنے ،پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کرینگے ،مراد علی شاہ کیساتھ اپنا پروگرام شیئر کرونگا۔ ہمیں تختی لگانے اور فیتے کاٹنے کا شوق نہیں بلکہ ہم تو سندھ کی مدد کرنے آئے ہیں۔عمران خان کراچی سمیت پورے سندھ کیلئے بہت بڑا پیکج دینا چاہتے ہیں۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے عمران اسماعیل کو تنبیہ کی ہے کہ وہ گورنر سندھ بننے جا رہے ہیں، وائسرائے نہیں، بلاول ہاؤس جمہوریت پسندوں کی سیاست کا مرکز ہے ، اس کیخلاف کوئی بات کرنے سے پہلے عمران اسماعیل اپنی سیاسی اوقات مدنظر رکھیں۔پی ٹی آئی قیادت اپنے نامزد گورنر کے غیرذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لے کر انہیں لگام دیں۔سعید غنی نے کہا افسوس ہے گورنر بننے والا شخص غیر ذمہ دارانہ باتیں کررہا ہے ، بلاول ہاؤس سابق وزیراعظم اور بہت بڑی پارٹی کے لیڈر کا گھر ہے ،عمران اسماعیل کو ابھی اپنے اختیارات کا پتہ ہے نہ قانون کا۔