نوشہرہ ،مردان (نمائند گان 92نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پشاور سے نوشہرہ مردان، تخت بھائی اور درگئی ریلوے ٹریک بحال کرتے ہوئے کل (منگل)سے سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ، 26 مار چ سے ٹریک پر سفاری ٹرینیں چلائی جائیں گی ، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 25سال سے بند درگئی ریلوے سٹیشن کا افتتاح کیا، خواہش ہے کہ ہر اس جگہ ٹرین چلائیں جہاں انگریز نے ٹریک بنایا تھا ، آلودگی کے باعث آئل ٹرینوں کو ختم کیا جائے گا ۔ مردان ریلوے جنکشن پرریل سروس کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشیدنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے پی کو ٹرین ٹریکس پر رکاوٹیں ختم کرنی چاہئیں،انہوں نے کہا کہ بلاول اپنی سیاسی چتا جلا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلاول کو لانگ مارچ کے لئے ٹرین دے دی ، وہ صرف پٹرول اور تنخواہ کے پیسے دیں،انکا کہنا تھا کہ 3 ٹرین سندھ اور 3 کے پی میں چلائیں گے ،انہوں نے کہا کہ عمران سے زیادہ کسی کو محنت کرتے نہیں دیکھا۔آ ئندہ 6 ماہ میں ریلوے کا منافع 10ارب تک پہنچائینگے ، شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں ،بلاول بھٹو کو لانگ مارچ کے لئے ٹرین فری فراہم کرینگے ، وہ صرف تیل اور تنخواہ کے پیسے دیدیں۔بلاول بھٹو اگر کرپشن کیخلاف نکلتے تو وہ بہت بڑا لیڈر بن جاتے اب زیرو بن گئے ہیں، جون سے پہلے جھاڑو پھرے گا۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے میں10 ہزار ملازمتوں کیلئے 10لاکھ لوگوں نے درخواستیں دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک کے دونوں جانب تجاوزات کا خاتمہ کر کے باغات لگائیں گے تا کہ سفر خوشگوار ماحول میں ہو۔