اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب! اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بس چلے تو دو خاندانوں سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس دلا دیں، ان کے خلاف تحریک چلائیں پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی، بلاول صاحب عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا عوام کا بس چلے تو ان کا مستقبل ان سے چھین لینے والوں کو لوہے کا زیور پہنچائیں، بلاول صاحب! پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ انہوں نے کہا عوام اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا اور عمران خان کو دہائیوں سے قوم پر مسلط دوخاندانوں کے استحصالی راج سے نجات کا ذریعہ بنایا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے ، وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیئے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہے ہیں، ن لیگیوں سے کہتی ہوں کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام ’’شیر آٹا کھا گیا‘‘ کے نعرے لگاتے تھے ، سارے پاکستان کو معلو م ہے کہ اس وقت آٹا،چینی ،گھی اور خاص طور پر مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا۔