اسلام آباد،لاہور (سپیشل رپورٹر، خصوصی نمائندہ) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہمارا مشترکہ ہے بلاول اسے سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کشمیر کے مسئلہ کو ابو بچاؤ مہم سے نہ جوڑیں۔ پیپلز پارٹی چیئر مین جان لیں سندھ میں ان کی کرپشن کی داستانیں عام ہیں۔ 14 اگست کو قوم کے ہیرو اور مسیحا بن کر سامنے آئیں۔سندھ کو مثالی صوبہ بنائیں اور کرپشن کے خاتمے کا اعلان کریں۔انہوں نے کہا بلاول عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں، کشمیر پر سیاست نہ کریں، ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ اس مسئلے کو کرپشن کی نظر نہیں ہونے د ینگے ۔آپ اگر کشمیر کے مسئلے پر آگے بڑھیں گے تو ہم قدم بہ قدم ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ کاروباری مفاد میں ہم کچھ نہیں کر سکتے ، پھوپھو اور ابو بچاؤ مہم کیلئے عدالت جائیں اور وہاں سے ریلیف حاصل کریں۔ حکومت ریلیف نہیں دے سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کے اکاؤنٹ میں ٹی ٹیز کون بھیجتا ہے ۔ یہ دیکھنا ہے ٹی ٹیز میں بنیفیشری کون تھا ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاہے کہ سیکولر اور جمہوری بھارت مودی کے ہاتھوں قتل ہوچکا ہے ۔ ہندوتوا کی سوچ پر کاربند مودی سرکار نے بھارتی تسلط کی پالیسی نہ ترک کی تو خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے ۔کشمیریوں اور پاکستانیوں کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔ کوئی جبر، کوئی ظلم، کوئی کرفیو، کوئی ہتھکڑی اور کوئی قیدخانہ کشمیریوں کو غلام نہیں بنا سکتا۔ عید کے دن کشمیریوں کو ان کی مذہبی رسومات ادا کرنے سے روکنا ثابت کرتا ہے کہ بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رہا ہے ۔ گزشتہ روز لاہور کے لبرٹی چوک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب میں فردوش عاشق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اب تک ہزاروں عورتوں کی عز تیں پامال ہو چکی ہیں،ہمیں کشمیریوں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چا ہیے ، اسی لئے عیدالاضحی سادگی سے منائی جارہی ہے ، بھارت جموں و کشمیر میں طرح طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے ،بھارت کشمیریوں پر جتنا بھی ظلم کر لے پیلیٹ گنز سے جذبے خریدے جاسکتے ہیں اور نہ ہی آزادی کی جدوجہد کو دبایا جاسکتا ہے ۔ نماز جمعہ کی ادا ئیگی کی اجازت نہ دینے جیسی پابندیاں کسی مذہب اور معاشرے میں جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آگے بڑھیں اور کشمیریوں پر ہونیوالے ظلم و بربریت کے خلاف آواز بنیں ۔ریلی میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل اور دیگر شامل تھے ۔