ملتان (خبر نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم غیر فطری اتحاد تھا جو دن بدن بکھرتا جا رہا ہے ، بلاول بھٹو نے عمران خان کو آئینی وزیراعظم تسلیم کر کے ہی عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا ، اب سلیکٹڈ کہنا بند کریں، نئے امریکی صدر جوبائیڈن کی پالیسیاں ہماری سوچ کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں، انہیں بدلتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کام کرنا ہوگا، ہم پاکستان کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنا رہے ہیں، براڈ شیٹ معاملہ ہمیں سابقہ حکومتوں سے ملا ،مہنگائی کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں ہیں ، بہت جلد مہنگائی پر کنٹرول پا لیا جائے گا، ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ معاہدوں پر کسی دوست ملک کو اختلاف نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا فرقہ واریت کے خلاف تمام مسالک کے علماء نے بھرپور کردار ادا کیا، جوبائیڈن کے صدر بننے سے افغان معاملہ پر بہتری آئیگی ،وہ پاکستان، جمہوریت کے لئے بہتر ثابت ہوں گے ، پی ڈی ایم والے بکھر جائیں گے جس کا آغاز ہو چکا ہے ، تحریک عدم اعتماد کو شکست دیں گے ،تحریک عدم اعتماد کا مقصد آپ نے انہیں وزیر اعظم تسلیم کر لیا، انہیں اب سلیکٹڈ کہنا بند کریں، عمران خان سلیکٹڈ نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بنے ہیں ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بھی سابقہ حکومتیں ہیں، براڈشیٹ معاملہ پر ہم جس کو بھی نامزد کریں گے ، یہ اعتراض کریں گے ،ہم نے گھبراہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا تو یہ کیوں گھبرا رہے ہیں ،اپوزیشن کو سب چیزوں کا سامنا کرنا چاہئے ، قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے اسرائیل اور کشمیر کے حوالے سے گمراہ کر رہے ہیں ، جوبائیڈن نے اپنی پہلی تقریر میں اپنی سمت واضح کر دی امریکہ چاہتا ہے افغانستان میں امن ہو اور یہی پاکستان کی کوشش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا وقتی طور پر پاکستانی پروازوں میں یو این اہلکاروں کے سفر پر پابندی لگائی ہے ۔