کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی آئی طیارہ حادثے پر حکومتی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات اور وفاقی وزیر ہوابازی کوہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے ٹویٹ میں بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر کو عہدے ہٹانے کے ساتھ ساتھ کراچی طیارہ حادثے کی آزادانہ انکوائری کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے ٹرین حادثہ ہو تو وزیر کو فارغ کرنا چاہیے ، طیارہ حادثہ ہو تو وزیر ہوابازی کو گھرجاناچاہیے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اب وہ طیارہ حادثے کا الزام پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرولر پر لگا رہے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والے کو مورد الزام ٹھہرا کر قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔ طیارہ حادثے کی آزادانہ تحقیقات چاہتے ہیں۔علاوہ ازیں ایک اور ٹویٹ میں بلاول نے تحریک انصاف کو ایک بار پھر چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) جیسے کسی ایک ہسپتال کا نام بتا دے جو اس نے 9 برسوں میں بنایا ہو۔ پی ٹی آئی کو چیلنج دیئے ہوئے 72 گھنٹے گزرچکے ہیں، میں انتظار کررہا ہوں۔