کراچی(سٹاف رپورٹر)سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مجھے وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کرکے کاندھوں پر بڑی ذمہ داری ڈال دی،کراچی کو دنیا کا خوبصورت شہر بنانا چاہتا ہوں،سندھ والوں کی بہترین خدمت کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائونگا، ہماری حکومت بلاول کی قیادت میں انفرااسٹرکچر، غربت کے خاتمے ، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دے گی۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کی رہنمائی میں سندھ کے لوگوں کی بہترین طریقے سے خدمات انجام دینے کے لیے صلاحیتوں کو بروئے کار لائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری سنگین مسئلہ ہے اور اس مرتبہ ان کی حکومت سرکاری و نجی شعبے میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے 25 ارب روپے کے کراچی پیکیج کا اعلان کیا تھا مگر 25 روپے بھی ریلیز نہیں کیے ۔