لاہور(پ ر )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وایم این اے ملک کرامت علی کھوکھرنے کہا ہے کہ ملک اس وقت کشیدہ صورتحال سے گزر رہا ہے ، اس موقع پر بلاول زرداری کی جانب سے سندھودیش کا پرچار کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ۔ پوری قوم کشمیر کو بھارتی بربریت اور ظلم سے آزاد کرا نے کے لئے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ، جبکہ اپوزیشن رہنما اپنی کرپشن چھپانے اور اپنے رہنماؤں کو بچانے میں مصروف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے اجاگر کیا وہ آج سے پہلے کسی حکومت نے نہیں کیا۔ اپوزیشن اراکین چاہے جتنا شور مچا لیں وہ اپنی اور اپنے رہنماؤں کی کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری اپنے والد کی کرپشن بچانے کے لئے مارچ کرنے کے بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی دیکھیں۔