کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے 13 اگست کو قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا جبکہ اداروں کیخلاف بیانات پر مولانا فضل الرحمٰن کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بلاول بھٹو نے اپنے زیرصدارت پارٹی اجلاس میں جے یو آئی اور ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیانات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ بلاول نے کہا کہ اداروں کیخلاف بیانات پر پیپلزپارٹی فضل الرحمٰن کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ خورشید شاہ، شیری رحمٰن و دیگر مولانافضل الرحمٰن سے اس معاملہ پر بات چیت کریں۔ اپوزیشن اتحاد میں صرف انتخابی دھاندلی پر بات کی جائے ، اداروں کیخلاف کسی بیان کا حصہ نہ بنا جائے ، پارلیمنٹ کے اندر موثر احتجاج اور قانونی طریقہ اپنایا جائے ۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے 13 اگست کو قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے الیکشن 2018 میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکر نے بتایا کہ پارٹی اجلاس میں بطور اپوزیشن پارٹی کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس سوال پر کہ کیا بلاول اپنے پارلیمانی کیریئر کا آغاز احتجاج سے کرینگے ؟ کے جواب میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم انتخابات کو پہلے ہی مسترد اور انتخابی طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں،بلاول نے اس معاملہ کو دیکھا اور اس پر سنگین سوالات اٹھائے ، تاہم ہم نے اپنا مدعا پارلیمان لے جا کر بیان کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئر مین پیپلز پارٹی کے زیر صدارت ہم ایوان میں اپنی آواز اٹھائیں گے اور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔ بطور اپوزیشن جماعت ہمارا کردار زیادہ مضبوط ہے ۔ ایک اور سوال پر کہ کیا تحریک انصاف سے کسی مفاہمت کے نتیجہ میں اتحاد کا امکان ہے ؟ کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ نہیں ابھی نہیں۔فرحت اﷲ بابر نے فضل الرحمٰن اور اسفند یار ولی خان کوجمہوری عمل سے دور رہنے کے بجائے ایوان میں انکا ساتھ دینے پر راضی کرلیا۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتوار کو طلب کر لیا جس کی صدرارت بلاول کرینگے ۔پیپلزپارٹی کے جاری بیان کے مطابق اجلاس کل شام چھ بجے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ہو گا ۔دریں اثنا بلاول نے اپنے پیغام میں پاکستان میں جزام کیخلاف لڑنے والی نامور ڈاکٹر رتھ کیتھرینا مارتھا فاوَ کو ان پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں اقلیتوں کے دسویں قومی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں بلاول نے کہا کہ غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں۔ پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کی بھی ضامن ہے ۔ بلاول، فیصلہ