لاہور ( نامہ نگار،این این آئی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 10فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے ،24اگست کو ایک سال مکمل ہونے پر ریلوے کا خسارہ کم نہ دکھا سکا تو سیاست اور ریلوے کی وزارت چھوڑ دوں گا ،جس نے بھی گاجریں کھائی ہیں چاہے ان کا تعلق حکومت سے ہوانہیں نیب کی پھکی کی ڈبل ڈوز ملنی چاہیے ، اگلے 15دنوں میں مزید جھاڑو پھر سکتا ہے ، بلاول کو اپنے والد اور پھوپھی کے خلاف تحریک چلانی چاہیے اگر وہ ایسا کرتا ہے تو اس کے لئے سیاست میں گنجائش پیدا ہو سکتی ہے ، ملک میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں ،یہاں کچھ بھی ہو سکتاہے لیکن آصف زرداری اور نواز شریف کی حکومت کبھی نہیں آ سکتی ، وزیر اعظم عمران خان 30جون کو راولپنڈی سے سر سید ایکسپرس کا افتتاح کریں گے اور اس میں سفر بھی کریں گے تاہم بجٹ کی منظوری کی وجہ سے دو چار روز اوپر نیچے ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ روز ریلو ے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ موبائل فون کمپنیاں مسافر ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت دیں گی ، مزید 74ٹریکر انسٹال کر دئیے ہیں جس سے ٹرینوں کی آمدورفت بارے آگاہی حاصل ہو گی ، ریلوے کے ریزرویشن دفاتر کو 24گھنٹے کھلا رکھنے سے آمدن میں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں 40کروڑ کا زیادہ منافع ملا ہے جو اس سے قبل 27کروڑ تھا ۔ درخواستیں زیادہ ہونے کی وجہ سے کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نوکریوں کیلئے قرعہ انداز ی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشنوں پر شوٹنگ بالکل فری کر دی ہے البتہ اگر ٹرین او رلوکو موٹیو کا استعمال کیا جائے گا تو اس کے لئے ریلوے کے طے شدہ رولز کے مطابق ادائیگی کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں ایندھن کے ذخیرہ کو 30روز پر لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ ریکارڈ ہے کہ پاکستان کے سابق صدر او سابق روزیر اعظم بیک وقت جیل میں ہیں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہباز شریف اور فریال تالپور کے لئے ڈھیل ہے لیکن ڈیل نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے مزید کہا کہ 35 پسنجر اور 4 نئی فریٹ ٹرینیں چلانے کے بعد ہم راولپنڈی ، لاہور ، کراچی ، حیدرآباد ٹو سکھر کے لیے ایم ایل ون کے ساتھ ہائی سپیڈ ٹرین کے لیے بی او ٹی کی بنیاد رپر ٹینڈر کرنے جارہے ہیں۔ شکر ہے کہ ایم ایل ون پر بھی ہمیں فنڈ مل گئے ہیں اور پنجاب حکومت نے ہمیں دونوں یونیورسٹیوں کے لیے بھی پیسے دے دیئے ہیں اس کے علاوہ ماں بچہ ہسپتال اور نالہ لئی کے لئے بھی فنڈز دستیاب ہیں یہ تمام پروجیکٹ جلد مکمل ہوجائیں گے ۔