کراچی، لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹرز، نمائندہ خصوصی سے ، خبر نگار خصوصی ) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی 32 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھرمیں تقریبات ہوئیں اور کیک بھی کاٹے گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سمیت سیاسی قائدین کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے ۔کراچی سمیت ملک بھرمیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سالگرہ پرپارٹی رہنماؤں اورجیالوں کی جانب سے کیک کاٹے گئے ۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی 32 سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا ،صوبائی وزیر ثقافت سردار شاہ نے کیک کاٹا،اس موقع پر سینیٹر تاج حیدر اور دیگر بھی موجود تھے ۔ لاہور میں قمر زمان کائرہ، چودھری اسلم گل نے بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا، اس موقع پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے نو عمری میں ایک اے پی سی کے ذریعے ملک کی سیاست بدل دی ہے ۔ حکومت دو دن سے رو رہی، ماتم کر رہی ہے ۔ اب دسمبر تک دما دم مست قلندر ہوگا اور جنوری میں اس حکومت جو گھر بھیج دیں گے ۔ پیپلزپارٹی اسلام آباد کی خواتین ونگ کی جانب سے فرحت اللہ بابر ، نرگس فیض ملک ، نذیر ڈھوکی و دیگر نے سالگرہ کاکیک کاٹا ۔ علاوہ ازیں لندن میں علاج کے لیے موجود پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہاربھی کیا ہے ۔ مریم نواز کی جانب سے بلاول کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے گزشتہ روزآل پارٹیز کانفرنس کے دورا ن بہترین مہمان نوازی پر شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے ۔