کراچی(این این آئی)سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ بلاول پاکستان میں سیاست کے لیے پرفیکٹ فِٹ ہے اور میرا سیاست میں آنے کا بالکل بھی ارادہ نہیں ہے ،اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ میرے والد کے خلاف مقدمات فقط انتقام ہے ، میری والدہ کا سیاسی کردار ختم کرنے کیلئے میرے والد پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے گئے ، ہم نے اپنے نانا، ماموں اور والدہ کو کھو دیا، 2010 میں میرے والد کی زیرِ قیادت حکومت نے آئینی اصلاحات متعارف کرائیں، اصلاحات کے تحت صدر کو حاصل وہ اختیارات ختم کردیئے گئے جو ماضی میں فوجی آمروں نے بنائے تھے ،نیازی حکومت کے کرپشن کے خلاف اقدامات واقعتاً منافقت اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بختاور نے کہا کہ جب ہمارے والد جیل میں تھے ، تب ہم اپنی والدہ کی شفقت کے زیرِ سایہ چھوٹے بچے تھے لیکن اب ان کی دوری ہمارے لیئے حبسِ دم جیسی ہے ، میرے والد نے بطور سیاسی رہنما جب کبھی جرات مندانہ قدم اٹھایا، جھوٹے الزامات ان کی ذات پر تھونپ دیئے جاتے ہیں، یہ بھیانک حقیقت ہم سے چھپائی جارہی ہے کہ ہمارے والد پر جیل میں کیا کیا ظلم ہو رہے ہیں،حکومت میڈیکل ٹیسٹ کرانے کی اجازت دینے سے بھی گریزاں ہے ،بلاول پارلیمان کی بالادستی، انسانی حقوق، مساوات، جمہوریت کے متعلق اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، وہ پرعزم، دوراندیش اور بااصول نوجوان سیاسی رہنماہیں، میں ٹوئٹر پر بہت سرگرم ہوں لیکن حکومتی معاملات سے بالکل دور ہوں۔