مکرمی !بلدیاتی انتخابات کو حقیقی جمہوریت کے آئینے سے تشبیہ دِی جاتی ہے، انتخاب کا بنیادی مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ امن وامان کا قیام، تعلیم و تربیت کی سہولتیں، روزگار، سکونت اور ضروریاتِ زندگی کی فراہمی، یہ تمام امور بلدیاتی نظام کی بنیاد ہیں۔بلدیاتی نظام میں نمائندوں کا اپنے علاقہ سے منتخب ہونے کی وجہ سے وہ چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت پر مامور رہتے ہیں۔ اس نظام کی ایک اور اہم خوبی خواتین کی انتخابات میں شمولیت ہے اہلِ علاقہ سے ہونے کی بناء پر وہ ان خواتین اُمیدواروں کا چنائو کر سکتی ہیں جن پر وہ نہ صرف بھروسہ کرتی ہیں بلکہ اُنہیں یقین ہوتا ہے کہ وہ ان کے مسائل کو اُجاگر کرنے اور حل کرنے کی بھر پور سعی کریں گی۔ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ صرف آئینی تقاضہ ہے بلکہ محرومیوں سے نجات کیلئے بلدیاتی انتخابات میں تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں بر وقت بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں،تاکہ عوام کے مسائل بلدیاتی سطح پر حل ہو سکیں۔ (عابد ہاشمی ، آزاد کشمیر)