فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) تحریک انصاف نے بلدیاتی اداروں میں تحریک عدم اعتماد لانے سے قبل سربراہوں کی حکومتی جماعت میں شمولیت کے لئے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ جس کے تحت پنجاب بھر کی میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے سربراہوں اور نائب سربراہوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالہ سے واضح حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس سے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت پی ٹی آئی کے تمام اہم راہنماؤں کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ پنجاب میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور راجہ بشارت کو اس حوالہ سے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں بلدیاتی سربراہوں کو ایک ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ اس دوران جو بلدیاتی سربراہ حکومتی جماعت کا حصہ بن جائیں گے ۔ وہاں پر عدم اعتماد کی تحریک نہیں لائی جائے گی تاہم پارٹی تبدیل نہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور طریقے سے عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمت عملی کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز روکے جائیں گے اور اس دوران استعمال شدہ فنڈز کا آڈٹ کروایا جائے گا۔