اسلام آباد،کراچی (خبرنگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز،سٹاف رپورٹر))چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔بلاول بھٹو اورصدر ن لیگ شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں بلاول بھٹو اور شہباز شریف کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اورمسئلہ کشمیر کے معاملے پر حکومتی ناکامیوں پربات چیت ہوئی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ملک کو عمران خان سے بچانے کیلئے اپوزیشن کا غیر معمولی کردار ناگزیر ہے ،اے پی سی کے فیصلے مستقبل پر اہم اثرات مرتب کریں گے ۔ حکومت تاریخ کی ریکارڈ کرپشن کر رہی ہے ، مہنگائی سے لوگوں کا جینادوبھرہوچکا، اپوزیشن ہی ان کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے ، بھارت کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے اور عمران خان کلبھوشن یادیو کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، کورونا وائرس کے اعداد وشمار کو چھپا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے ۔ بلاول بھٹو کے موقف سے شہباز شریف نے بھی مکمل اتفاق کیا۔دریں اثنا صدر ن لیگ شہبازشریف نے امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فونک کرکے مسئلہ کشمیر پر قومی مشاورتی کانفرنس میں شرکت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی، ذرائع کے مطابق فضل الرحمان نے کہا نااہل حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہے ،جمعیت علمائے اسلام حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے ۔