کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان میں بلند شرح سود اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی ضمن میں بہتر منافع کے پیش نظر پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن گیا ،ملکی تاریخ میں پہلی بار جمعرات کو حکومتی بانڈز میں ایک ہی روز میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی ۔اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق حکومتی بانڈز میں 16 جنوری کو 53 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جس میں برطانیہ سے ایک روز میں 45 کروڑ 65 لاکھ ڈالر اور امریکا سے ایک روز میں 7 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔جب کہ مجموعی طور رواں مالی سال کے دوران یکم جولائی سے سے 16 جنوری تک حکومتی بانڈز میں کل سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر سے تجاوز ہوگئی ہے اورجولائی سے اب تک 2 ارب 23 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ۔سرمایہ کاروں کے مطابق پاکستان میں شرح سود 13.25فیصد کی بلند سطح پر موجود ہے جب کہ اس کے مقابلے میں امریکہ میں شرح سود 2.25 فیصد اور برطانیہ میں شرح سود 2فیصد سے بھی کم ہے جس کے پیش نظر دونوں ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔