کوئٹہ (رپورٹ: خلیل احمد) بلوچستان میں سیاسی بحران شدت اختیار کرگیا، آئندہ چند دنوں میں بلوچستان عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کے کچھ وزرا باقاعدہ طور پر عہدوں سے مستعفی ہوکر صوبے میں تبدیلی کیلئے کوششوں کا آغاز کریں گے ،سپیکر قدوس بزنجو اور صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی کی زیرقیادت باغی گروپ نے تمام ہوم ورک مکمل کرلیا۔ اپوزیشن جماعتوں سمیت جام حکومت میں اتحادی جماعتوں سے بھی رابطے مکمل کرلئے ۔ وزیراعلیٰ جام کمال کے قریبی حلقوں نے صورتحال پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کردیا۔ جے یو آئی کے صوبائی امیر اور رکن قومی اسمبلی مولانا محمد واسع نے روزنامہ ’’92نیوز‘‘ سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ بی اے پی اور پی ٹی آئی کی تبدیلی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ جام کمال، قدوس بزنجو اور سردار صالح بھوتانی سب ایک ہی جیسے ہیں، ان سے اچھائی کی امید نہیں ، اس بار جمعیت اپنا وزیراعلیٰ لانے کی کوشش کرے گی۔