کوئٹہ(این این آئی) پاکستا ن ڈیموکرٹیک موومنٹ کے رہنمائوں کہا ہے کہ بلوچستان میں سینٹ انتخابات میں نشستیں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوں تو حکومت سے بات ہو سکتی ہے ، اس پوزیشن میں ہیں کہ بلوچستان سے پانچ سے چھ سینیٹر منتخب کرا سکتے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال خان اگر واقعی بات ختم کرنا چاہتے ہیں تو اپوزیشن کو چھ سینیٹر دے دیں ہمارا کوئی بھی سینیٹر باہر سے اور نہ ہی اندر سے خریدار ہوگا ،حکومت میں ہمارے رشتے دار بھی ہیں، انہیں سارے صدمے ایک ساتھ نہیں، آہستہ آہستہ دیں گے ۔یہ بات جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سردار اختر جان مینگل، محمود خان اچکزئی نے پیر کوکوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ بی این پی کے سربراہ اختر جان مینگل نے کہا کہ سینٹ میں خلائی مخلوق کے ساتھ ساتھ خلائی پیرا شوٹر بھی آنا شروع ہوئے ہیں ، ہمارا جو بھی امیدوار ہوگا وہ مشترکہ اور پی ڈی ایم کا ہی ہوگا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ شوق سے نہیں بنی ہم پاکستان کی تشکیل نو کرنا چاہتے ہیں اسی میں پاکستان کا فائدہ ہے ، سنجرانی صاحب آپ جا کر وزیراعلیٰ بلوچستان سے مل لیں، حیدری صاحب ہمارے لیڈر ہیں آدھی سیٹیں انکی اور آدھی آپکی، الیکشن ہوگانہ بد گمانی ہوگی ، 26مارچ کو یہاں سے قافلے چلیں گے لیکن تمام اضلاع میں مسلسل دھرنے بھی ہونے چاہئیں اور سارا ملک تحریر سکوائر بنا رہے ۔