اسلام آباد ،فیصل آباد(نمائندہ خصوصی،جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی قرارداد مسترد کرتے ہیں، انتخابات میں تاخیر برداشت نہیں کرینگے ۔ وہ سابق رکن قومی اسمبلی میاں فاروق کی خصوصی دعوت پر مریم نوازکے ہمراہ این اے 105 میانی میں مسلم لیگ (ن)کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا صرف عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہی ملک میں تبدیلی آنی چاہئے ،سیاستدانوں نے ملک کے لئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں، عوام کی بہتری کے لئے کام کیا لیکن اس کے باوجود منتخب حکومتوں کو جب کسی کا دل چاہتا ہے ، چلتا کردیتا ہے جو افسوس کی بات ہے ۔ نواز شریف نے کہا ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور ’’عوام کے ووٹ کو عزت دو‘‘ کو منوانے کے لئے جدوجہد کررہا ہوں اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرونگا۔نواز شریف نے کہا خیبرپختونخوا کے جھوٹے خاں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، وہاں کے عوام اس کو کوستے ہیں۔ انہوں نے کہا میری حکومت نے درجنوں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بنائے اور اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ روز کسی نہ کسی منصوبے کا افتتاح کیا گیا، جبکہ کے پی کے میں کوئی قابل ذکر منصوبہ بنایا ہی نہیں گیا۔ نواز شریف نے کہا انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، تاخیر برداشت نہیں کرینگے ، بلوچستان اسمبلی نے انتخابات لیٹ کرنے کی کوشش کی ہے ، ہم اس کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ووٹر انتخابات کے دن ووٹ پرپہرہ دیں تاکہ دھاندلی نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا مجھے حکومت سے نکال کر پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا، دوبارہ برسراقتدار آکر لوگوں کو روزگار دوں گا،رہائش کے لئے چھت ملے گے ۔ قبل ازیں مریم نواز نے کہا نواز شریف نے جمہورت کو بچاتے ہوئے اپنی وزارت عظمیٰ قربان کردی ، طویل عرصے کے بعد پاکستان نے جمہوری حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی جو جمہوریت کی فتح ہے ،حکومت کی مدت پوری ہونے کا سہرا نواز شریف اورعوام کے سر ہے ۔ مریم نواز نے کہا نواز شریف اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ ووٹ کی عزت اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کررہا ہے ، عوام بھی ان کا ساتھ دیں۔انہوں نے مزید کہا نوازشریف کوغدارکہنے والے اسد درانی کی کتاب پرکیا کہیں گے ، کیا اس پر کوئی بیان نہیں آئے گا۔علاوہ ازیں نوازشریف نے احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کچھ لوگ اب بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں، ہر الیکشن میں اس طرح کے لوگ آجاتے ہیں،یہ بڑا الیکشن ہے ، انسان کو ہر حال میں خوش رہنا چاہئے ، زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں۔صحافی کے سوال کہ الیکشن ملتوی ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے ؟ پر نواز شریف نے کہا کہ جاوید ہاشمی صاحب جواب دیں، جس کے بعد جاوید ہاشمی نے کہا الیکشن ملتوی کرانے والے جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں، انتخابات 25 جولائی کو لازمی کرانا پڑیں گے ۔ دریں اثناء فورٹ عباس ضیا لیگ کے سابق ایم پی اے حاجی محمد نعیم انور نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی،تفصیلات کے حاجی محمد نعیم انور نے مسلم لیگ ضیا کے سربراہ سے اختلافات کے بعد گزشتہ روز لاہور میں میاں شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی ، جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کااعلان کردیا۔