لاہور(اپنے رپورٹر سے )وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور کے دورے پر آئے ہوئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے وزرائے بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی اور شہرام خان ترکئی کے لئے روایتی مہمان نوازی کا بندو بست کیا ،انہیں سجائی ہوئی بگھیوں پر اندرون شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرایا۔تینوں وزرائے بلدیات نے مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ عبدالعلیم خان نے بین الصوبائی بلدیاتی اجلاس کے شرکاکے اعزاز میں شاہی قلعہ کے رائل کچن میں اپنی طرف سے پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا جہاں ثقافتی شو بھی ہوا۔ سردار محمد صالح بھوتانی اور شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ وہ خوشگوار یادوں کے ساتھ لاہور سے رخصت ہوں گے اور زندہ دلان لاہور کی طرف سے دی گئی خوشیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکیں گے ۔