کوئٹہ/خیرپور (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) بلوچستان کے ضلع تربت میں ایچ آئی وی ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 300 سے زیادہ ہے ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فاروق رند کے مطابق ضلع کیچ کے ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ کیئرسینٹر میں اس ماہ کی رپورٹ کے مطابق 310 ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں جن میں 250 کا تعلق ضلع کیچ، 31 لسبیلہ،27 گوادر اور ضلع آواران وپنجگور سے 1,1مریض شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اس ماہ کے آخر تک 107مریض زیرعلاج رہے ہیں جبکہ ایڈز کے ہلاک شدہ کل مریضوں کی تعداد 62 ہے ۔ادھر سندھ بھر میں ایڈز کے حوالے سے صورتحال سنگین تر ہونے لگی ہے اور یہ مہلک مرض پورے صوبے میں وبا کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے ۔ لاڑکانہ،رتوڈیرو اور نوابشاہ کے بعداب خیرپور،ٹنڈوالہ یار اورتھرپارکر اضلاع میں بھی ایڈز کے درجنوں نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق خیرپور ضلع کے خواجہ سراؤں میں بھی ایڈز کا انکشاف ہوا ہے ۔ٹنڈوالہ یار میں ایک خاتون سمیت 9افراد ایڈزمیں مبتلاپائے گئے ہیں،جبکہ اصل تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے ۔ضلع تھرپارکر میں 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایڈز کے مریض ظاہر ہونے پر تھر میں خوف کی لہر پھیل گئی ہے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد اپنے ٹیسٹ کرارہی ہے ۔