لاہور، کراچی ، کوئٹہ، پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، خبر نویس ، نامہ نگاران ) بلوچستان اور خیبر پی کے میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں ،دیواریں گرنے سے 18 افرادجاں بحق ہوگئے ، خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے 10 افراد جاں بحق اور 14زخمی ہو ئے اور31 سے زائد مکا نات کو نقصان پہنچا ، سندھ میں بارشوں سے حب ڈیم کے ذخیرے میں اضافہ ہوگیا، پنجاب میں شام کو دھند چھاگئی ، موٹروے بند کردی گئی۔ بلوچستان میں بارشوں سے تباہ کاری میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی، قلعہ عبداﷲ، چاغی،پشین ،تربت ، دکی ، مستونگ، نوشکی سمیت دس سے زائد اضلاع میں سیلابی ریلوں نے آبادیوں کا رخ کیا ، سینکڑوں مکانات منہدم ، ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا ، زرعی زمینوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ، قلعہ عبد اﷲ میں ایک ہزار سے زائد مکانات جزوی اور مکمل طور پر تباہ ہوئے ، قلعہ عبداﷲ اور چمن میں مختلف مقامات پر تین بچوں سمیت چار افراد چھت گرنے اور ریلوں میں بہنے سے جاں بحق ہوئے ، پشین میں میں نو سالہ بچے سمیت دو افراد ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے ، چاغی میں ایک شخص ریلے میں بہ کر چل بسا، شدید برفباری کے باعث زیارت، مسلم باغ، کان مہترزئی ،توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی کے سینکڑوں دیہاتوں کا تین دن سے زمینی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہے ۔ فوج نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، تباہ کاریوں پر بریفنگ لی، آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کے بچائو کیلئے آپریشن شروع کردیا گیا، سول انتظامیہ کو ہر قسم کی بھرپور مدد فراہم کی جارہی ہے ، ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیلاب میں گھرے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے ، برفانی شمالی علاقوں مکران اور لسبیلہ میں امدادی کیمپ قائم کردیا گیا ، بارش سے متاثرہ 3ہزار500خاندانوں کو خوراک فراہم کی گئی ، لسبیلہ کے علاقے دریج اور قلعہ عبداﷲ سے 1500خاندانوں کو بچا لیا گیا ، صوبے میں بیشتر شاہراہیں بند ہوگئیں ، دالبندین میں ریلوے ٹریک سیلابی ریلے میں بہہ گیا، دکی میں بارشوں کا پانی کوئلہ کانوں میں داخل ہونے سے درجنوں کان کن پھنس گئے ۔خیبر پی کے میں بارش اور برفباری سے 10 افراد جاں بحق ہوئے ، وانا میں برفباری سے آلوچے کے باغات تباہ ہوگئے ، اورکزئی میں برفباری اور بارش سے 3 مکانات منہدم ہوگئے ، پاک افغان سرحد انگور اڈا کے مقام پر بند کردی گئی ،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو متا ثر ین بارش اور برف باری کو جلد امداد فراہم کر نے کی ہدایا ت جا ری کر دی ہیں،جاں بحق ہونے والوں میں 2کا تعلق جنوبی وزیرستان اور ایک ایک کا تعلق چارسدہ اور ٹانک سے ہے ، جنوبی وزیرستان میں کیوانا سب ڈویژن اور گردونواح میں ریکارڈ برف باری اور بارشوں سے مختلف مقامات پر مکانات کے چھتیں گرنے سے 2بچے جاں بحق ہوئے ۔ سندھ کے مختلف شہروں دریاخان مری،پھل،بھریاسٹی،کوٹ لالو،پڈعیدن کے علاقوں میں گزشتہ رات تیزہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے تیزبارش ہوئی جس کی وجہ سے گندم،سرسوں کی تیارفصلوں کونقصان پہنچا۔ میرانی ڈیم میں بھی پانی کی سطح بڑھ گئی جہاں پانی کی سطح 245 فٹ تک بلند ہوگئی ہے ، حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوگیا اور سطح آب 301فٹ ہوگئی۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور دیگر شہروں میں ہلکی اور تیز بارش جاری رہی، آج پیر کے روز بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ر ہیگا، تاہم راولپنڈی، لاہور،گوجرنوالہ، ہزارہ،قلات، مکران ڈویڑن،کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ، سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت پارہ چنار منفی 07،بگروٹ،سکردو منفی 05 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں کم از کم درجہ حرارت 10 سنٹی گریڈ رہا، اتوار کی شام دھند نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیرے ڈال لئے ، لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد موٹر وے کو دھند کے باعث بند کردیا گیا۔