کراچی/اوتھل (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) پاک بحریہ،پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اوراینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ طورپربلوچستان کے علاقے جیونی کے قریب پشوکان میں آپریشن کرکے 241 کلو ہیروئن اور 2 کلو حشیش برآمد کرلی ہے ۔ منشیات ایک مشکوک سپیڈ بوٹ میں سوارسمگلرزسے برآمد ہوئی، جنہیں گرفتارکرلیاگیا ہے ۔برآمد منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 2ارب 41کروڑ روپے ہے ،منشیات قانونی کارروائی کیلئے اینٹی نارکوٹس فورس کے حوالے کردی گئی۔ علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈ نے بلوچستان کے علاقے وندرکے قریب کھاری چیک پوسٹ پرکوئٹہ سے کراچی جانیوالی مسافرکوچ میں سوار خاتون کے سامان سے 24 کلواعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے لیڈی سمگلرکو گرفتارکر لیا جبکہ آدم کنڈ کے علاقے میں سمندر کنارے جھاڑیوں میں چھپائی 48 کلواعلیٰ کوالٹی کی چرس برآ مد کرلی۔پکڑی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً7کروڑ86لاکھ روپے ہے ۔