اسلام آباد؍ لاہور؍ فیصل آباد(سپیشل رپورٹر؍ خصوصی نیوز رپورٹر؍ سٹاف رپورٹر؍ خصوصی رپورٹر)بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن میں مزید 11 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک افسر سمیت 6فوجی شہید ہوگئے ۔رہائشی علاقے میں گرنے والے دو راکٹ گولے ناکارہ بنادیئے گئے ۔ایک روز قبل 4 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید ہوا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نوشکی میں 9 دہشت گرد مارے گئے اور میجر سمیت 4 فوجی شہید ہوئے جبکہ پنجگور حملے میں 6 دہشت گرد مارے گئے ۔انہوں نے کہا دہشت گردوں کو دونوں جگہوں سے پسپا کر دیا گیا ،پنجگور میں 4 سے 5 افراد فوج کے گھیرے میں ہیں جنہیں فوج شکست دے گی۔انہوں نے کہا کالعدم ٹی ٹی پی بھارت کی مدد سے حملوں میں اضافہ کررہی ہے ۔شیخ رشید نے کہا پنجگورمیں موبائل سروس بندکردی گئی ،دہشتگردوں کانیٹ ورک تربت اورنوشکی کے علاقوں میں ہے ،ملک بھرمیں سکیورٹی سخت کردی گئی ۔وزیرداخلہ نے کہادہشتگردوں کے بیرون ممالک رابطے ہیں،تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔شیخ رشید نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 11 جنوری کو بلوچ عسکریت پسند تنظیموں نے مل کر بی این اے بنائی ، بی این اے کوپس پردہ کالعدم تحریک طالبان سمیت تنظیموں کی سپورٹ بھی ہے ، اس کے علاوہ داعش اور دیگر تنظیمیں بھی ہیں جو دہشت گردی میں اضافہ کر رہی ہیں۔وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں،آزادکشمیرکی پولیس اورسکیورٹی اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔قبل ازیں آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نوشکی، پنجگور میں دہشت گرد حملوں کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 13 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے ایک افسر سمیت 6فوجی شہید ہوئے ۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے سہولت کارافغانستان اوربھارت کے ساتھ رابطے میں تھے ، دہشتگردوں کے زیراستعمال جوتے اوراسلحہ امریکی ساختہ ہے ۔مشیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ نوشکی میں ایک شہری کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے ۔پنجگور سے 2 افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں جن کو سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔کالعدم تنظیم بی ایل اے نے اپنے 9 جنگجوئوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ۔شہید جوان محمد حمزہ کو بچیانہ کے نواحی آبائی گاؤں چک نمبر 19 گ ب ضلع ننکانہ صاحب میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔شہید افسر بلال قدیر کا جسد خاکی بھی آبائی علاقے رشیدآباد منتقل کردیا گیا، نمازجنازہ آج ادا کی جائے گی۔دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان خیل میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آپریشن میں بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں، آئی ای ڈیز تحویل میں لے لی گئیں۔سی ٹی ڈی نے مچھ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق بھاری مقدارمیں دھماکہ خیز مواد و پراہما کارڈ، نٹ بولٹ ،کرنسی اور دیگر مواد برآمد کرلیا گیا۔ مبینہ دہشت گرد بلوچستان کے ضلع مستونگ سے مچھ دہشتگردی کی بڑی واردات کرنے آرہا تھا۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردوں کے حملے پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا پوری قوم اپنی عساکر کی پشت پر متحد اور یکجا کھڑی ہے جو ہمارے تحفظ و دفاع کے لئے پیہم عظیم قربانیاں پیش کررہی ہے ۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیئے ، سکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا دہشت گردی کے خلاف ہماری سکیورٹی فورسز تاریخ رقم کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف بہادری کامظاہرہ کرنے پر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم متحد اوریکسو ہے ۔سابق صدر اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ دھرتی کی حفاظت کرنے والوں پر حملے کرنے و الے ناقابل معافی ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہادہشتگردی کسی بھی شکل میں ہو،تہذیب اورانسانیت کی قاتل ہے ،ریاستی عملداری چیلنج کرنیوالے عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے ،پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہے ،سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے ۔