کوئٹہ (صباح نیوز)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہیکہ بلوچستان کے حالات تبدیل ہورہے ہیں اور اب صوبے میں کوئی نوگو ایریا نہیں۔ کوئٹہ میں معدنی ترقی سے متعلق سیمینار سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو گذشتہ 10 سال سے دہشت گردی کا سامنا رہا لیکن اب حالات تبدیل ہورہے ہیں، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ، صوبے میں کوئی نوگو ایریا نہیں۔ بلوچستان میں امن قائم ہوچکا، اب ترقی کے سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں ۔ لاہور اور اسلام آباد کے بعد جلد کوئٹہ میں سیف سٹی پراجیکٹ پر کام شروع ہوگا، اس کے بعد گوادر اور حب کو سیف سٹی بنائیں گے ،صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت ناگزیر ہے جو معاشی ترقی اور امن کی بحالی میں معاون ثابت ہوگا، اب تک ہم سرحد پر 370 کلو میٹر باڑ لگا چکے ہیں، اگلے ماہ سرحد پر مزید باڑ لگانے کا کام ہوگا، ایران کے ساتھ بارڈر پر باڑ کی تعمیر کا آغاز کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے قدرتی وسائل سے اب تک فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ مائننگ کمپنیاں آئیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔