کوئٹہ(رپورٹ :خلیل احمد )صوبائی حکومت نے بلوچستان کے حساس علاقوں کو پہلے مرحلے میں اے ایریا میں تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا جبکہ پورے صوبے کو اے ایریا قرار دینے کیلئے دن رات کام جاری ہے تاہم ترجیحی بنیادوں پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو مکمل طور پر اے ایریا قرار دینے کیلئے سمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ میر قدوس بزنجو کو بھجوا دی جائیگی جبکہ مکران ڈویژن ضلع آواران اور چمن کو بھی مکمل طور پر اے ایریا قرار دینے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں جلد ہی اس حوالے سے بھی سمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ کو بھجوا دی جائے گی اور موجودہ حکومت کے خاتمے سے قبل ان علاقوں کو اے ایریا قرار دیدیا جائیگا، محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ بی ایریا ہے اور ان علاقوں میں پولیس کا نہ ہونا دہشت گردی تخریب کاری اور جرائم میں اضافے کی بڑی وجہ ہے کیونکہ لیویز فورس میں اہلیت نہیں کہ وہ ان بڑے چیلنجز سے نمٹ سکے ۔