کوئٹہ (رپورٹ:کفایت علی) محکمہ پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پر فیول کی مد میں لاکھوں روپے واجب الادا ہونے پر پیٹرول پمپ مالکان نے محکمے کے ٹرکوں کو پیٹرول کی فراہمی بند کر دی جس سے خشک سالی اور قحط سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بند ہوگئیں، باوثوق ذرائع کے مطابق بلوچستان ان دنوں شدید مالی بحران کا شکار ہے جس کے باعث گزشتہ 3سے 4ماہ کے دوران کئی بار ایسی صورتحال درپیش ہوئی کہ مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی بامشکل کی گئی، بلوچستان کے بیشتر اضلاع جو ان دنوں شدید خشک سالی اور قحط کا شکار ہیں، ان علاقوں میں اب امدادی کارروائیاں بھی مکمل بند ہو گئیں، ذرائع کے مطابق قحط سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے امدادی سامان کمبل، کپڑے ،ادویات، کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی بھی بند کرنا پڑی، پی ڈی ایم اے عرصے سے مقررکردہ پیٹرول پمپس سے امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں میں فیول ڈلوارہاتھا تاہم اب پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے موقف اختیار کیا جب تک رقم ادا نہیں کی جاتی مزید فیول نہیں دے سکتے ، جب محکمہ پی ڈی ایم اے کے حکام بالا سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا امدادی کارروائیاں جاری تھیں اور اب تک 560ٹرک خشک سالی اور قحط سے متاثرہ علاقوں کو روانہ کر دیئے ہیں تاہم مالی بحران کے باعث محکمے کا فیول بجٹ ختم ہوگیا، ہمیں مجبوراً امدادی آپریشن روکنا پڑے گا۔