لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار پنجاب اسمبلی گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے درمیان اسمبلی چیمبر میں ملاقات ہوئی۔ سپیکر چودھری پرویزالہٰی نے متوازن اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی، وزیراعلیٰ نے بجٹ تقریر کے دوران ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالہٰی کو خراج تحسین پیش کیا، پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں رہنماؤں نے صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا،وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی بھی اس موقع پر موجود تھے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہترین اور متوازن بجٹ پیش کرکے صوبے کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے ، وزیراعظم عمران خان ویژن کے مطابق پنجاب حقیقی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے ،بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حقیقی ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی گئی ہے ، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا گیااورماضی کی حکومت نے غلط پالیسیوں سے صوبے کو دیوالیہ کیا،میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا ۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے والد سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اولاد کیلئے والد کی حیثیت ایک سائبان کی طرح ہوتی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی و کالم نگار رحمت علی رازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں تحریک انصاف وق لیگ کی خواتین ارکان اسمبلی نے ملاقات کی،4 گھنٹے طویل ملاقات میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں، خواتین اراکین اسمبلی کو مزید بااختیار بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔خواتین ارکان اسمبلی نے کہاکہ حکومت پنجاب نے نامساعد اقتصادی حالات کے باوجود بہترین بجٹ پیش کیااوربجٹ میں معاشرے کے تمام طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا، انہوں نے کہاکہ آپ بہترین وزیراعلیٰ ہیں،آپ اراکین اسمبلی کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرتے ہیں،ہمیں فخر ہے کہ پنجاب میں آپ جیسا وزیراعلیٰ ہے ۔