لاہور(جنرل رپورٹر )ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایک وفد نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا دورہ کیا۔ وفد کی نمائندگی پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا گنارتھنا ما ہی پالا کررہے تھے ۔ پی کے ایل آئی کے ڈین ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد نے مہمانوں کا استقبال کیااورپریزینٹیشن دی، جس میں ہسپتال کے وژن، مشن، جدید طبی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ دورے کا مقصد پی کے ایل آئی میں کورونا وائرس کی سہولیات کا معائنہ اورمریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس اور دیگر عملہ سے مل کر اُن کا حوصلہ بڑھانا تھا۔وفد نے آئسولیشن کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر پالیتھا نے خصوصاً ہسپتال کے شعبہ انفیکشن کنٹرول کی تعریف کی اور ارادہ ظاہر کیا کہ ڈبلیو ایچ او اس شعبہ کو ایک ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بنانے اور دیگر شعبہ جات کی ترقی کیلئے عملی تعاون کرے گا۔ پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کا سٹاف انفیکشن کنٹرول ٹریننگ کیلئے جلد پی کے ایل آئی کا دورہ بھی کرے گا۔مارچ کے پہلے ہفتے حکومت نے پی کے ایل آئی کو کورونا کے مریضوں کیلئے مخصوص کرنے کا اعلان کیا۔ 19مارچ کو پہلے مریض کو داخل کیا گیا اور ابتک 30مریض علاج کیلئے داخل کئے جاچکے ہیں، جن میں سے 6 صحتیاب ہوکر جاچکے ۔پی کے ایل آئی ڈین ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد نے ہسپتال کے عملے کی طرف سے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سووینئر پیش کئے ۔