اسلام آباد(خبرنگار خصوصی؍ 92نیوز رپورٹ؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت گرانا کسی کا مقصد ہے تو شوق پورا کر لے ، حکومت جاتی ہے تو جائے ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،حکومت کسی پریشر گروپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی، اپنے منشور سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، اقتدار بچانے کی خاطر کسی کو این آر او نہیں دیں گے ، ہماری پوری سیاسی جدوجہد ہی قانون کی حکمرانی کے لئے تھی،ہم انصاف پر یقین رکھتے ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیرصدارت پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کااجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اورمعاشی صورتحال پرغورکیاگیا۔اجلاس میں وزیراعظم اورکورکمیٹی کوبریفنگ دی گئی کہ شرح نمو 4فیصدتک آچکی،ترسیلات زراورزرمبادلہ کے ذخائربڑھ چکے ۔ کمیٹی نے معاشی اہداف کے حصول میں کامیابیوں کوعوام میں اجاگرکرنے کافیصلہ کیا۔وزیراعظم نے ملکی معاشی صورتحال پراطمینان کااظہارکیا اور کہاکوروناکے باوجودملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ،آئندہ بجٹ میں عام آدمی کوریلیف ملے گا،مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا پوری پارٹی اور تمام ممبران کو تحریک انصاف کے نظریے پر اکٹھے رہنا چاہئے ۔کورکمیٹی کوسیاسی صورتحال اورجہانگیرترین کے معاملے پربھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو جہانگیرترین گروپ کے ارکان سے ملاقات کے بارے آگاہ کیا۔کور کمیٹی نے فیصلہ کیاکوئی پارٹی سے ہویااپوزیشن سے ،انصاف کے تقاضے پورے ہونگے ، جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے ۔کورکمیٹی نے وزیراعظم کی قیادت اورمعاشی پالیسیوں پراعتمادکااظہارکیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہاجائزمطالبات جہانگیرگروپ کے ہوں یاکسی اورکے ،انہیں تسلیم کیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی میں موٹرسائیکل پرآنے والے لینڈکروزرکاخیال دل سے نکال دیں،انصاف کے نام پربننے والی پارٹی میں کسی کواین آراودینے کاسوچ بھی نہیں سکتا۔کورکمیٹی کو آزادکشمیر کے الیکشن کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پربھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزادکشمیرانتخابات کی تیاریاں تیزکردیں۔وزیراعظم نے کہاپی ٹی آئی آزادکشمیرکے الیکشن میں واضح کامیابی حاصل کرے گی۔کورکمیٹی نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کابھی فیصلہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اسی سال کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو انتخابات کرانے کی ہدایت کر دی۔ کورکمیٹی نے الیکشن کمیشن کے آفیشل پیج پر منفی پراپیگنڈے پر مبنی ایک پوسٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کورکمیٹی نے تائید کرتے ہوئے کہا کہ اگلے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ شفاف انتخابات کی ضامن ہوگی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے ہرسطح پرکارکنوں کومتحرک کیاجائے ۔علاوہ ازیں عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔عثمان بزدارنے ترین گروپ سے ملاقات اورانکے مطالبات سے وزیراعظم کوآگاہ کیا۔ملاقات میں اتفاق کیاگیاکہ ترین گروپ کے جائزمطالبات تسلیم ہونگے ،کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی،تحقیقات کے دوران حکومت غیرجانبداررہے گی۔وزیراعظم نے کہاکسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کررہے ۔ کورکمیٹی نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے وزیرِ اعظم کے دلیرانہ اور مدبرانہ موقف اور امت مسلمہ خصوصاً اسلام فوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔ کور کمیٹی نے ریکارڈ ترسیلات زر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اہم کردار ہے لہذا تحریک انصاف کی بھرپور کوشش ہے کہ ماڈرن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے ۔کور کمیٹی نے پارٹی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکرٹری جنرل عامر کیانی کو ہدایت کی کہ ضمنی انتخابات میں متعلقہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کی مشاورت سے حکمت عملی کے تحت امیدواروں کو اتارا جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیرِ صدارت سی پیک منصوبوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور خصوصاً چینی سرمایہ کاروں کو طویل المدتی ویزہ کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کی ۔ سی پیک منصوبے سے وابستہ افراد کے لئے علیحدہ کیٹگری متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔وزیراعظم نے زور دیا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پردور کیا جائے اور سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ مراعات دی جائیں۔وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ کاروباری برادری کی مشاورت سے مخصوص شعبوں میں برآمدات بڑھانے کی غرض سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایک مفصل پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی سٹریٹیجک پارٹنرشپ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی،ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی تعلقات میں بدلنے کیلئے ضروری ہے کہ باہمی مفاد کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے ۔وزیرِ اعظم نے اجلاس میں سپیشل اکنامک زونز پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیا اور اسی کے ساتھ اجلاس میں کراچی میں سی پیک سپیشل اکنامک زون کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔مزیدبرآں وزیر اعظم آج احساس موبائل سیونگ والٹس اقدام کا افتتاح کریں گے ۔وزیر اعظم احساس سیونگ والٹس (احساس بچت بنک اکائونٹ) کا افتتاح کرنے کیلئے اسلام آباد میں احساس کفالت ادائیگی مرکز کا دورہ کریں گے ۔