سرینگر(نیٹ نیوز ) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو بولنے دو، بلیک آؤٹ ختم کیا جائے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ویڈیو جاری کی ہے ، ویڈیو میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا گیا ہے ۔خبر رساں ادارے کے مطابق ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ دنیا کے سب سے بڑے ملٹری زون میں 40 دن سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود 80 لاکھ افراد محصور ہیں۔ویڈیو میں ایمنسٹی نے بھارت کو پیغام دیا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی جانوں کی قیمت پر بلیک آؤٹ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پوری وادی میں موبائل، انٹرنیٹ، لینڈ لائن و دیگر سہولتیں بند ہیں۔ کشمیری اپنے پیاروں سے بات نہیں کر پا رہے ۔ قابض سرکار نے مکمل طور پر انفارمیشن پر کنٹرول رکھا ہوا ہے ۔ویڈیو میں مزید بتایا گیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے خلل ڈالا جاتا ہے ، اکثر راتوں کو گھروں میں ریڈ کر کے خاندان والوں کو تنگ اور نوجوانوں کو مارا پیٹا جاتا ہے ۔ مظاہرین پرپیلٹ گنز اور آنسو گیس کا استعمال کیا جاتا ہے ۔پیلٹ گنز سے متعدد نوجوان زخمی بھی ہوئے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد نظربند ہیں، ان میں ڈاکٹر، صحافی، سیاستدان اور انسانی حقوق کے کارکن بھی شامل ہیں۔