اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں امریکہ کے قائم مقام چارج ڈی افیئر نے ملاقات کی ہے ۔ آ ئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا نئی امریکی قیادت کے آنے سے پاک امریکہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ملاقات میں امریکی چارج ڈی افیئرنے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردارکوسراہتے ہوئے کہا امریکہ افغانستان میں امن کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔ آرمی چیف سے موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے والی کوہ پیما ٹیم نے ملاقات کی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی بین الاقوامی مہم میں شامل کوہ پیماؤں کی ٹیم نے جمعہ کو جی ایچ کیو کا دورہ کیااور آرمی چیف سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے کہا کوہ پیماؤں نے موسم سرما میں کے ٹوسر کرکے تاریخ رقم کی۔انہوں نے کوہ پیماؤں کی ٹیم کو اہم کارنامہ سرانجام دینے پر مبارکباد دی ۔ کوہ پیما ٹیم نے کے ٹو سر کرنے کی مہم کے دوران اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ ٹیم کا کہنا تھا پاکستان اور پاکستانی عوام کی گرمجوش میزبانی پر شکر گزار ہیں، تمام تر فراہم کردہ سہولیات کے باعث ہی ٹیم ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئی۔