کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے ٹی ایم او قاسم آباد حاتم ملاح سمیت 4 ملزمان کے خلاف انکوائری کیس میں ڈی جی نیب کراچی کو نوٹس جاری کردیئے ۔جمعرات کو ٹی ایم او قاسم آباد اور دیگر چار ملزمان کے خلاف نیب انکوائری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر خلیق زمان کی عدم حاضری پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی نیب کراچی کو نوٹس جاری کردیئے اور کہا آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب خود عدالت میں پیش ہو کر تفصیلات دیں،عدالت نے ریمارکس دیئے نیب کا تفتیشی افسر کبھی عمرے پر کبھی اسلام آباد جاتا ہے ،اگر ایسا ہی کرنا ہے تو بند کردوں ادارے ،تالے لگا دوں نیب کو،ملزمان کے خلاف انکوئری چل رہی ہے اور آئی او ابھی تک کرپشن ثابت نہیں کر سکا،سب کو پتا ہے نیب کے آئی او کیا کرتے ہیں،عدالت نے ڈی جی نیب کراچی کو طلب کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس کی ضمانت منظور کرکے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔