لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے ، سکواڈ میں شعیب ملک ، شاہین آفریدی اور محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ عماد بٹ، احسان علی اور حارث رؤف پہلی بار قومی ٹیم کا حصہ بن گئے ، بنگلہ د یش کے خلاف شکست کے خوف سے راتوں رات حکمت عملی تبدیل ہو گئی،سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ وکٹ کیپر رضوان کو بھی ایک موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا، محمد عامر اور وہاب ریاض سمیت حارث سہیل، آصف علی، فخر زمان، امام الحق، محمد عرفان سینئر سات کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہو گئے ۔چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی کوآرڈینیٹر ندیم خان اور کپتان بابر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کا اعلان کیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت بدستور بابر اعظم کریں گے جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد ، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان قادرکو شامل کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر کپتان اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ سکواڈ میں سینئرز اور جونیئرز کا کمبینیشن بنایا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ وننگ کمبی نیشن بنایا جائے ۔ سری لنکا کے خلاف شکست اور آسٹریلیا کے خلاف خراب کارکردگی کے بعد اب سینئر بیٹسمینوں کوواپس لے کر آ ئے ہیں تاکہ ٹیم جیت سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بعض کھلاڑیوں کو آزمایا تاہم وہ کامیاب نہ ہو ئے جبکہ ابھی بھی وہ مختلف کھلاڑیوں کو ٹرائی کر رہے ہیں اور پی ایس ا یل کے بعد جو گیپ ملے گا اس میں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مواقع دئے جائیں گے تاکہ حتمی سکواڈ بن سکے ۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ سرفراز احمد ،عمر اکمل، سلمان بٹ اور کامران اکمل سمیت کسی پر کوئی پابندی نہیں سب ہمارے پلان میں شامل ہیں تاہم ایک ہی وقت میں سب کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حارث رؤف اپنی اچھی فارم برقرار رکھیں گے ۔ سا بق کپتان سرفراز احمد کا کیرئیر ختم ہونے سے متعلق سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے ، وہ پی ایس ایل میں پرفارم کرکے ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں ان کی مشاورت بھی شامل تھی اور کوشش کی گئی ہے کہ سینئرز کو شامل کر کے ایک مضبوط ٹیم بنائی جا ئے ۔ توقع ہے کہ بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔