لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی شاہین بنگال ٹائیگرز کا شکار کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کمان 33 سالہ محمود اﷲ کو سونپی گئی ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور کے قذافی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے پہلے ہی بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 25 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 27 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم لاہور میں موجود ہے جہاں وہ سیریز کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے ۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین شیڈول تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا ہے ۔ احسن رضا اور شوزب رضا امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے ۔ احمد شہاب کو تھرڈ اور طارق رشید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے ۔