ڈھاکہ(این این آئی) ۔بنگلہ دیش میں پیاز کی قیمت اتنی بڑھ گئی کہ وزیراعظم حسینہ واجدنے اپنے کھانوں میں پیاز کا استعمال چھوڑ دیا ہے تاہم بنگلہ دیش نے فوری طور پر فضائی راستے سے پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں حالیہ مون سون سیز ن کے دوران پیاز کی فصل کو خاصہ نقصان پہنچا تھاجس کے سبب پڑوسی ممالک کو برآمد کرنے پر پابندی لگادی گئی تھی۔ بنگلہ دیش میں بھارتی برآمدات رکنے کی وجہ سے پیاز کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا اورفی کلو قیمت 260 ٹکا (476روپے ) فی کلو تک جا پہنچیں۔ حسینہ واجد کے ڈپٹی پریس سیکرٹری حسن جاہد توشر نے بتایا کہ فضائی مال برداری کے ذریعے پیاز درآمد کی جارہی ہے ،واضح رہے بنگلہ دیش میں عمومی طور پر اہم سبزیاں زیادہ سے زیادہ 30 ٹکا (55 پاکستانی روپے )فی کلو کی قیمت میں دستیاب ہوتی ہیں۔