لندن (غلام حسین اعوان) پاکستان پارلیمنٹرین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو9 وکٹوں سے ہرا کر انٹرا پارلیمانی کرکٹ ولڈکپ جیت لیا۔ لندن کے نواحی علاقہ کینٹ کی کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس ورلڈ کپ میں کامن ویلتھ ممالک کی پانچ ٹیموں سمیت سٹار الیون ٹیم نے شرکت کی ۔ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ ، بھارت ،آسٹریلیا ، انگلینڈ ،پاکستان اور سٹار الیون نے شرکت کی ۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 104 رنز بنائے ۔ زین قریشی کی قیادت میں پاکستان پارلیمانی ٹیم نے زبردست کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 اوورز میں105 رنز کا ہدف حاصل کر لیا ۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو فائنل میں نو وکٹوں سے شکست دی۔پاکستان کی طرف سے علی امین 52 اور علی زاہد 30 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم کی کامیابی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں قومی ٹیم کی فیصلہ کن معرکے میں شاندار کارکردگی کو سراہا تے ہوئے کہاہے کہ کپتان سمیت پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ یاد رہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو شکست سے ہمکنار کیا تھا۔