کراچی (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مشفق الرحیم سمیت متعدد کھلاڑیوں کو پریکٹس کی اجازت دینے سے انکارکر دیا۔ یہ انکار بی سی بی نے کورونا وائرس سے حفاظت کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ملک کے سرکردہ کرکٹرز کی شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں ذاتی تربیت دوبارہ شروع کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ مشفق الرحیم ان چند کرکٹرز میں سے ایک تھے جنہوں نے پریکٹس شروع کرنے کے لئے بی سی بی سے رجوع کیا تھا لیکن بورڈ کی جانب سے ان کو اجازت سے انکار کردیا گیا تھا۔ بورڈ کا مؤقف تھا کہ اسٹیڈیم میں حفاظتی سہولتیں موجود نہیں۔ چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کا کہنا تھا کہ مشفق نے ہم سے بات کی، وہ ذاتی تربیت کا آغاز کرنا چاہتے تھے لیکن ہم نے انہیں بتایا کہ ابھی ایسا کرنے کا کوئی محفوظ وقت نہیں ہے ، انہیں گھر پر ہی تربیت لینی چاہئے ۔ تربیت اہم ہے ، لیکن ہمارے لئے کھلاڑیوں کی حفاظت زیادہ ضروری ہے ۔ پھر ہم ملک کی مجموعی صورتحال دیکھیں گے ، جائزہ کے بعد ہم کھلاڑیوں کو فون کریں گے کیونکہ ہم کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے کسی بھی طرح کا خطرہ مول نہیں لے سکتے کیونکہ کھلاڑی ایک بہت ہی قیمتی اثاثہ ہیں۔