لاہور( سپورٹس رپورٹر)چیف سلیکٹرمصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اوربنگلہ دیش میں کسی کو فیورٹ نہیں کہہ سکتے ، ، بنگلہ دیش کیخلاف ہمیں بائولنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ اچھی کرنی ہوگی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف جیت کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ دونوں ٹیموں میں سے کسی کو بھی فیورٹ نہیں کہا جاسکتا۔ مصباح الحق نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے کی تیاری ہو رہی ہے ۔ مسلسل شکست کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ محمد رضوان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، سرفراز کی پرفارمنس کا پی ایس ایل کے بعد جائزہ لیں گے ۔دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے کیمپ میں 19 کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے ، کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہوگا۔کیمپ میں طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، اسد شفیق، عابد علی، بابر اعظم، بلال آصف، فواد عالم، فہیم اشرف، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی 28 جنوری کو کیمپ جوائن کریں گے ، پاک بنگلہ دیش پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔